ٹیکسٹائل سٹی فیصل آباد میں بوائلرز کی جانچ پڑتال کرنیوالا ادارہ غیر فعال

Last Updated On 03 October,2018 06:20 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں بوائلرز کی انسپکشن کرنے والا واحد ادارہ غیر فعال ہو چکا ہے۔ فیکٹریوں اور ملوں میں لگے بوائلزز کی جانچ پڑتال کرنے کے لیے صرف ایک ہی بوائلر انسپکٹر موجود ہے، جس کی وجہ سے بوائلرز کی انسپکشن کاغذی کارروائی تک محدود ہوچکی ہے۔

ٹیکسٹائل سٹی فیصل آباد میں بوائلرز کی جانچ پڑتال کے بعد کلئیرنس دینے والا واحد ادارہ غیر فعال ہے۔ فیصل آباد کی فیکٹریوں اور ملوں میں 1000 سے زائد بوائلرز موجود ہیں۔ ان میں فیصل آباد ریجن کے 650 سے زائد بوائلرز کی انسپکشن کیلئے صرف ایک انسپکٹر موجود ہے جبکہ 450 بوائلرز کو سرگودھا ریجن میں شامل کیا گیا ہے اور وہاں بھی صرف ایک ہی انسپکٹر ہے۔ بوائلرز کی انسپکشن نا ہونے سے مزدور خوف کا شکار ہیں۔

انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ان بوائلرز کی سالانہ انسپکشن کرنا لازمی ہوتا ہے لیکن بوائلر انسپکٹر جانچ پڑتال بھی صرف کاغذوں تک ہی کرتے ہیں۔ اسی لیے تو آئے روز فیکٹریوں میں بوائلرز پھٹنے سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔ صنعتکار بوائلرز انسپکٹرز کی کمی کا شکوہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ بوائلرز کی جانچ پڑتال کروانے کیلئے صنعتکاروں کو کئی روز تک اپنا کام بند کرنا پڑتا ہے جس سے مزدور بے روزگار ہوجاتے ہیں۔