ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات اور قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن، دولت گیٹ کے علاقے میں آپریشن کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ڈیرے کے باہر بنا چوراہا بھی اکھاڑ دیا گیا۔
ملتان میں تجاوزات کیخلاف آپریشن شدت اختیار کرگیا، ضلعی انتظامیہ نے خونی برج، دہلی گیٹ اور دولت گیٹ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں تجاوزات ختم کردیں۔ آپریشن کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ڈیرے کے باہر بنا چوراہا بھی توڑ دیا گیا۔ گلشن مارکیٹ میں ضلعی انتظامیہ کے ملازمین اور پولیس اہلکاروں کو تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران تاجروں کی جانب سے مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ نوٹسز دیے بغیر ان کی دوکانیں اور تجاوزات گرائیں جا رہی ہیں، جس سے ان کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کلین اپ بلا تفریق جاری رہے گا۔