8 روز قبل اغواء ہونے والی معذور لڑکی کی لاش برآمد

Last Updated On 07 October,2018 07:48 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ سے 8 روز قبل اغواء ہونے والی 15 سالہ معذور لڑکی کی لاش برآمد ہوگئی۔ پولیس نے ملزمان کو حراست میں لیکر قانونی کارروائی شروع کردی۔

تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ ستیانہ روڈ کی رہائشی 15 سالہ خانہ بدوش معذور لڑکی کو 8 روز قبل ملزمان بلو اور نومی کی جانب سے اغواء کر لیا گیا تھا۔ جس کے اغواء کا مقدمہ تو درج کر لیا گیا مگر مغویہ اللہ رکھی بازیاب نا ہوسکی۔ آج موٹروے انٹرچینچ کے قریب سے اللہ رکھی کی لاش برآمد ہوئی، جسے پوسٹمارٹم کے بعد سپردخاک کردیا گیا۔

اللہ رکھی کے ورثاء کا کہنا تھا کہ لڑکی کی بازیابی کیلئے متعدد بار پولیس سے رابطہ کیا گیا مگر پولیس روایتی ٹال مٹول کا مظاہرہ کرتی رہی۔ دوسری جانب ایس ایچ او بٹالہ کالونی کا کہنا ہے کہ لڑکی کے اغواء اور قتل میں ملوث ملزمان گرفتار ہیں اور قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

ورثاء نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروئی عمل میں لاتے ہوئے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔