کشمور: (دنیا نیوز) کشمور کے علاقے گڈو بیراج کے گاؤں بھٹی محلہ میں دو روز قبل 35سالہ عزیز اللہ میرانی کے قتل میں اس کی بیوی اور سوتیلی ماں ملوث نکلی۔ بیوی نے شوہر کی سوتیلی ماں کے ساتھ ملکر اپنے آشنا کے ہاتھوں پسٹل سے فائر کروا کر قتل کروادیا۔
کشمور کے علاقے گڈو بیراج کے گاؤں بھٹی محلہ میں دو روز قبل رات گھر میں سوئے ہوئے 35 سالہ عزیزاللہ میرانی کو پسٹل سے فائر کر کے قتل کیا گیا تھا، ورثاء کی نشاندہی پر ندیم شاہ کو پولیس نے گرفتار کیا تھا، دوران تفتیش ندیم شاہ نے اپنا اقبال جرم بھی کیا اور بتایا کہ میرے مقتول کی بیوی سے ناجائز تعلقات تھے اور مقتول کی بیوی نجمہ میرانی اور اس کی سوتیلی ماں ریشماں کے کہنے پر میں نے قتل کیا ہے ،اور وہ بھی قتل کے وقت میرے ساتھ موجود تھیں۔
ایس ایچ او گڈوسکندر علی سومرو نے بتایا کہ دو روز قبل گڈو تھانے کی حدود بھٹی محلہ گاؤں کے گھر میں سوئے ہوئے 35 سالہ عزیزاللہ میرانی کو پسٹل سے فائر کر کے قتل کیا گیا تھا۔ دوران تفتیش ندیم شاہ نے اقبال جرم بھی کیا ہے اور اس نے بتایا ہے کہ اس کیساتھ اس میں مقتول کی بیوی نجمہ میرانی اور مقتول کی سوتیلی ماں ریشماں بھی شامل ہیں، ہم نے تینوں پر مقدمہ درج کر لیا ہے، مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔