کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے اورنگی سے بھتہ خور گروہ دھر لیا گیا۔ ترجمان رینجرز کہتے ہیں ملزمان نے بھتہ وصول کرنے کے ساتھ ڈکیتی کی وارداتوں میں لاکھوں روپوں کا صفایا بھی کیا۔
رینجرز اور پولیس نے اورنگی ٹاون میں کارروائی کر کے لٹیروں کا 5 رکنی گروہ گرفتار کر لیا۔ گروہ کے کارندوں نے ڈکیتی کی بھی وارداتیں کیں۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم ریحان، عابد، عامر، جبران اور سکندر نے اورنگی ٹاون کے تاجر سے 5 لاکھ روپے بھتہ وصول کیا۔ دھمکیاں دیں اور گھر پر فائرنگ بھی کی۔
ملزم ریحان الدین نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جہانگیر روڈ پر واقع انٹر نیشنل کر کٹر محمد سمیع کے گھر میں 4 لاکھ روپے مالیت کے زیورات کی ڈکیتی کرنے کے ساتھ ٹاور میں کلیئرنگ فارورڈ کمپنی میں 18 لاکھ جبکہ 2013 میں آئی آئی چندریگر روڈ پر نجی کمپنی کے دفتر میں 22 کروڑ کی ڈکیتی بھی کی تھی۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔