پشاور: (دنیا نیوز) پشاور پولیس، وفاقی خفیہ ادارے اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کے دوران پچاس کروڑ روپے تاوان کی غرض سے اغوا دو صنعتکاروں کو بازیاب کرا لیا، دو خواتین سمیت تین اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز جاوید اقبال کا پشاور پولیس لائن میں پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ لاہور کے دو صنعتکاروں کو آٹھ نومبر کو رنگ روڈ سے اغوا کیا گیا، اغوا کاروں کے ساتھی افغانستان سے مغوی کے گھر والوں کو پچاس کروڑ روپے تاوان کے لئے فون کرتے رہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق تفتیش کے دوران ملوث گروہ کو ٹریس کیا گیا اور فقیر آباد میں چھاپے کے دوران ایک گھرسے دونوں مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا، کارروائی میں افغانستان سے تعلق رکھنے والی دو خواتین سمیت تین ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔