لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ایکشن، معروف فوڈ پوائنٹس سیل

Last Updated On 25 November,2018 05:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ٹولنٹن مارکیٹ میں ناقص گوشت کی سپلائی کرنے والے 3 پوائنٹس بھی بند کردئیے گئے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے معروف فوڈ پوائنٹس سیل کر دئیے۔ سکیم موڑ پر معروف مچھلی فروش کے پوائنٹ کو انتہائی ناقص انتظامات پر سیل کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق مچھلی کی تیاری میں ناقص اورغیر معیاری آئل کا استعمال کیا جا رہا تھا۔

ٹاون شپ میں معروف دیسی کھانوں کے ریسٹورنٹ کو سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے پر سربمہر کر دیا گیا۔ ریسٹورنٹ پر زائد المعیاد اشیاء پائی گئیں اور صفائی کے انتظامات بھی ناقص تھے۔


ٹولنٹن مارکیٹ میں ناقص گوشت کی سپلائی کرنے والے 3 پوائنٹس سیل کر دیے گئے۔ ہربنس پورہ میں بیکری کو زائد المعیاد اشیاء کی موجودگی پر سیل کیا گیا۔ زائد المعیاد کارن آئل، جوسز، کولا اور انرجی ڈرنکس موقع پر تلف کر دیے گئے۔مختلف علاقوں میں گٹکا کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 400 پیکٹ گٹکا برآمد کر لیا گیا اور 2 پان شاپس سیل کر دی گئیں۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ کھانے کھابے لاہور کی پہچان ہیں، پہچان کو آلودہ نہیں ہونے دیں گے۔