اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی پولیس کا اسلام آباد کو منشیات اور جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے کے لئے رورل ایریا میں آپریشن، بھاری مقدار میں منشیات، اسلحہ برآمد، 2 درجن سے زائد مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس پی حسام بن اقبال نے 250 پولیس افسران اور جوانوں کے ہمراہ ڈورے گاؤں میں آپریشن کیا۔ بڑی مقدارمیں چرس، شراب اور اسلحہ سمیت 28 مشکوک افراد کو متعلقہ تھانہ میں منتقل کر دیا گیا۔ اٹھال آپریشن کی نگرانی ایس پی صاعد عزیز نے کی۔ سپیشل کمانڈوز سمیت 200 سے زائد افسران و جوانوں نے حصہ لیا۔
تھانہ بھارہ کہو کے علاقہ سے 3 منشیات فروش گرفتار، 2 کلو 600 گرام چرس، 2 پستول برآمد ہوئے۔ تھانہ کورال کو قتل کے مقدمے میں مطلوب تین اشتہاری بھی گرفتار کر لئے گئے۔
آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشنز کا مقصد دارالحکومت کی سیکیورٹی موثر بنانا، منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا کو پکڑنا ہے۔