مری: (دنیا نیوز) مری میں سیاح خاتون سے ہوٹل ایجنٹ کی بدتمیزی پر 9 ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، پولیس نامزد ملزم ندیم کو گرفتار کرنے میں ناکام، شہر میں ہوٹل ایجنٹس کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، سیاحوں کو اپنے ہوٹل لے جانے پر مجبور نہیں کیا جا سکے گا۔
مری میں بگڑے ہوٹل ایجنٹس کی خاتون سیاح سے بدتمیزی کی ویڈیو کا معاملہ، وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس کے بعد پولیس بھی حرکت میں آ گئی، 9 ملزموں کے خلاف تھانہ مری میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایف آئی آر کے باوجود خاتون سے بد تمیزی کرنے والا مرکزی ملزم ندیم گرفتار نہ ہو سکا۔ ادھر اسسٹنٹ کمشنر کی صدارت میں تمام نمائندہ تنظیموں کے اجلاس میں ہوٹل ایجنٹس مافیا کے خلاف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ایجنٹس کیلئے یونیفارم پہننے کی پابندی اور سیاحوں کی سیکیورٹی کیلئے پیس فورس بنے گی۔
اجلاس کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالے ایجنٹس کو حوالات میں بند کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: مری میں خاتون سے بدتمیزی کی ایک اور ویڈیو وائرل
مری میں خاتون سے بدتمیزی کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ بگڑے ٹریول ایجنٹ حد پار کرتے رہے، مگر پولیس تھانے کی حدود میں ہی اٹکی رہی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے غفلت برتنے پر انچارج چوکی بازار اور محرر کو معطل کر دیا، آئی جی سے رپورٹ بھی مانگ لی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مری کے مال روڈ پر جی پی او چوک کے قریب معمولی تلخ کلامی پر ایک اور خاتون سیاح سے بدتمیزی کا واقعہ رونما ہوا تھا، ہوٹل ایجنٹس کی غنڈہ گردی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کی تھی۔
دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکاروں اور وہاں موجود افراد نے بیچ بچاؤ کروا کر متاثرہ شخص کو بچایا لیکن ہوٹل ایجنٹ پھر بھی باز نہ آیا، خاتون پر آوازیں بھی کسیں۔
بگڑے ٹریول ایجنٹ حد پارکرتے رہے مگر پولیس تھانے کی حدود میں ہی اٹکی رہی، بازار چوکی پولیس نے سیاح فیملی کی درخواست لینے سے انکار کر دیا اور راولپنڈی جانے کا مشورہ دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے غفلت برتنے پر چوکی انچارج اور محرر کو مطل کر دیا تھا۔