فیصل آباد : (دنیا نیوز) فیصل آباد کے علاقے منصور آباد میں گھر میں قائم اسکول اکیڈمی سے دو نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ ساجد اور وقاص کو سر پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔
بائیس سالہ ساجد نے گھر میں اسکول بنا رکھا تھا۔ رات گئے دوست وقاص کے ساتھ بچوں کے پیپر چیک کر رہا تھا۔ کچھ دیر بعد اطلاع ملی کہ دونوں کی لاشیں وہاں پڑی ہیں۔ پولیس کے مطابق لاشوں کے پاس سے پستول اور گولیاں بھی ملیں۔
پولیس کے مطابق ایچ آئی یونٹ تفتیش کر رہا ہے تاہم ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔ ساجد کے بھائی کا کہنا ہے کسی سے دشمنی نہیں، وزیر اعلیٰ سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔
وقاص کے بھائی کا کہنا ہے دونوں دوست با اخلاق تھے، پولیس قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ تھانہ منصور آباد پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے اسپتال منتقل کر دی ہیں۔ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔