رحیم یار خان: (دنیا نیوز) رحیم یار خان میں خلع لینے کی رنجش پر بہن بھائی نے مل کر سابقہ بھابھی کو قتل کر دیا، زخموں سے چور تڑپتی خاتون کو طبی امداد دینے کے بجائے پولیس اہلکار ویڈیو بناتے رہے، شواہد جمع کرنے والی ٹیم کے انتظار میں خاتون نے جان دے دی، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔
افسوس ناک واقعہ رحیم یار خان میں پیش آیا، جہاں دیور ارشد اور نند نسیم بی بی نے چھریوں کے وار کر کے اپنی سابقہ بھابی منزہ کو قتل کر دیا، مقتولہ 7 بچوں کی ماں تھی۔ ویڈیو بیان میں مقتولہ کی 10 سالہ بیٹی نے بتایا چچا اور پھوپھو نے امی کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا، بیچ بچاؤ کے دوران بچی خود بھی زخمی ہوئی۔
مالک مکان کی اطلاع پر پولیس پہنچی اور زخموں سے چور تڑپتی خاتون کی ویڈیو بناتی رہی، خاتون کو ہسپتال منتقل نہ کیا، خاتون نے تڑپ تڑپ کر جان دیدی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا، ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔