فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال سے گزشتہ روز نومولود بچے کو اغواء کرنے والی خاتون اور اسکے شوہر کو حراست میں لیتے ہوئے انکے قبضہ سے بچے کو بازیاب کروالیا گیا۔
فیصل آباد کے علاقہ جھنگ روڈ کی رہائشی خاتون راحیلہ بی بی کے 4 دن کے بیٹے کو الائیڈ ہسپتال کے آمنہ وارڈ سے گزشتہ روز نامعلوم عورت کی جانب سے اغواء کرلیا گیا تھا۔
بچے کے اغواء کی خبر دنیا نیوز پر نشر ہوئی تو ہسپتال انتظامیہ اور پولیس حرکت میں آئی اور رات گئے تھانہ صدر کے علاقہ ملکھانوالہ میں چھاپہ مارکر اغواء کار خاتون ثناء بی بی اور اسکے خاوند نذیر احمد کو حراست میں لیتے ہوئے بچے کو بازیاب کروالیا۔
میڈیکل سپریٹنڈنٹ الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر خرم الطاف کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے سکیورٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان تک رسائی حاصل کرنے میں کافی مدد ملی اور ملزمان قانون کے شکنجے میں آگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے اغواء کار میاں بیوی سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور تفتیش کے بعد مزید حقائق بھی سامنے آسکیں گے۔