ملتان: (دنیا نیوز) ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں اے ٹی ایم مشین لوٹنے کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے سکیورٹی گارڈ کو قتل کر دیا۔ ایم ڈی اے ملازمین نے مقدمہ درج کرنے کے حوالے سے روایتی سستی پر پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور 3 گھنٹے تک دھرنا بھی دیا۔
ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں 3 نا معلوم ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم مشین کو لوٹنے کی کوشش کی تاہم گارڈ خلیل بلوچ کی جانب سے مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے گارڈ کو قتل دیا اور موقع سے فرار ہو گئے جس کا مقدمہ درج نہ کرنے پر ایم ڈی اے کے ملازمین نے تھانہ چیہلک کی پولیس کے خلاف مظاہرہ کیا اور چوک کو بلاک کر کے 3 گھنٹے کے لئے دھرنا بھی دیا۔
کمشنر کی مداخلت پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقع کی سی سی ٹی وی فوٹیج تحویل میں لے لی ہے تاہم آئندہ 72 گھنٹوں میں بھی ملزمان گرفتار نہ ہوئے، جاں بحق گارڈ کے ورثاء نے سی پی او آفس کے گھیراؤ کی دھمکی بھی دے دی۔
پولیس نے گارڈ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے نشتر ہسپتال کے سرد خانے منتقل کر دیا ہے جبکہ عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔