فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال سےایک بار پھر نومولود بچہ اغوا کر لیا گیا۔ اغوا کار خاتون لیبر روم سے بچے کو لے کر رفو چکر ہوئی، بچہ لاپتہ ہونے پر ہسپتال انتظامیہ اور پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔ اغواء کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کر لی۔
الائیڈ ہسپتال میں 4 روز قبل جھنگ روڈ کی راحیلہ بی بی نے بچے کو جنم دیا، جہاں آمنہ وارڈ میں نور فاطمہ نامی خاتون مریضہ بن کر آئی جس نے شیر خوار بچے کی فیملی سے تعلقات استوار کئے۔ خاتون بچے کو دوائی لینے کے بہانے نانی کے ہمراہ آوٹ ڈور گئی اور بچے کو لے کر فرار ہوگئی۔ بچے کے اغواء کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کر لی۔
نومولود بچہ اغوا ہونے پر اہل خانہ پر قیامت ٹوٹ پڑی، الائیڈ ہسپتال میں اس سے پہلے بھی بچے اغوا ہوچکے ہیں، بچے کے اغوا کی خبر پھیلی تو ہسپتال انتظامیہ کی بھی دوڑیں لگ گئیں۔ الائیڈ ہسپتال میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمہ کی شناخت کی جارہی ہے جس میں خاتون کا چہرہ صاف دکھائی دے رہا ہے، پولیس کا کہنا ہے جلد ملزمہ کو گرفتار کرلیں گے۔