کراچی: رینجرز کی کارروائی، بڑی تعداد میں اسلحہ، بارودی مواد برآمد

Last Updated On 11 December,2018 08:41 pm

کراچی: (دنیا نیوز) رینجرز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کر کے ایم کیوایم ساؤتھ افریقہ نیٹ ورک کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان سیاسی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ کی منصوبابندی کر رہے تھے۔

رینجرز نے ایم کیو ایم ساوتھ افریقہ نیٹ ورک کے دو ملزمان مستقیم اور مقیم کو دھر لیا۔ ملزمان کی نشاندہی پر عزیز آباد میں گھر پر چھاپہ ماراگیا جہاں سے چھپایا گیا اسلحہ، ایمونیشن اور بارودی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق برآمد اسلحہ میں 195 رائفل گرینیڈ، 98 فور ٹی ایم ایم گرینیڈ، 52 ہینڈ گرینیڈ شامل ہیں جبکہ 90 آوان بم، 11 راکٹ، 7 آرپی جی، 170 ڈیٹو نیٹر، 17 کلو گرام پلاسٹک ایکسپلوزیو بھی ملے۔ اسلحہ میں 2 ایم پی فائیو، 6 ایم جی،5 ایل ایم جی، ایک ایچ ایم جی،2 ڈریگانر اسنائپرز، جی تھری رائفل بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سترہ ہزار سے زائد ایس ایم جی راونڈز، اکیس ہزار سے زائد ایل ایم جی راونڈز اور دیگر اسلحہ شامل ہے۔

ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ نائن زیرو پر رینجرز چھاپے کے بعد روپوش ہوئے۔ ملزم مستقیم نے 1992 میں بھارت فرار ہو کر جاوید لنگڑا کے ساتھ رہائش اختیار کی جو ایک سال بعد آ کر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہوا۔

 

 

Advertisement