کراچی: (دنیا نیوز) سندھ پولیس میں خلاف ضابطہ بھرتیوں اور بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے۔ بھرتی کیلئے اہلکاروں سے رشوت وصول کی گئی، آٹھ پی ایس پی افسران کیخلاف تحقیقات شروع ہو گئیں۔
صرف شہریوں سے رشوت خوری نہیں، اپنے ہی محکمے میں بھی کرپشن عروج پر ہے۔ سندھ پولیس میں 8 پی ایس پی افسران کیخلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جن میں ایس ایس پی پیر محمد شاہ، ایس پی فدا حسین شاہ، ایس ایس پی سیداعتزاز، سابق ایس پی سی ٹی ڈی جیند شیخ، ایس پی امداد علی شاہ، خالد مصطفی، ظفر اقبال ملک اور عمر فاروق سلامت شامل ہیں۔
ان افسران پر جعلی بھرتیوں اور اہلکاروں سے رشوٹ بٹورنے کا الزام ہے، تحقیقات کیلئے 220 افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کر لئے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران کے خلاف 50 فیصد تک تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں۔ تحقیقات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے احکامات پر ڈی آئی جی موٹر وے محمد سلیم کر رہے ہیں۔