مردان: (دنیا نیوز) مردان میں جائیداد کے تنازع پر دو گروپوں میں تصادم، بھتیجوں نے فائرنگ کر کے دو چچاؤں کو قتل جبکہ تیسرے کو زخمی کر دیا۔
یہ افسوسناک واقعہ مردان کے علاقہ شنکر میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق اعظم خان جو اس واقعے میں زخمی ہوا اپنے دو بھائیوں شیر دل خان اور تازہ خان کے ہمراہ کھیتوں میں گندم کی بوائی کر رہا تھا کہ اس دوران اس کے بھتیجوں ملزمان فیاض، امتیاز، صفدر اور گوہر پسران عبدالحنان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے دو بھائی شیر دل خان اور تازہ خان موقع پر جاں بحق جبکہ تیسرا بھائی اعظم خان زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان مقتولین کے بھتیجے ہیں اور ان کے درمیان جائیدار کا تنازع چلا آ رہا تھا، واردات کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔