کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کارروائی کے دوران آن لائن ڈیجیٹل کرنسی کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے 4 ملزم گرفتار کر لیے گئے، ملزم اب تک شہریوں سے 16 لاکھ ڈالر ہتھیا چکے ہیں۔
کراچی میں ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے ملزمان کو مختلف علاقوں سے گرفتار کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم عبد الغفار نے بتایا ملزموں سے الیکٹرانک کرنسی اکاؤنٹ، ڈیبٹ کارڈ اور انٹرنیشنل کرنسی برآمد ہوئی۔ انہوں نے کہا ملزمان نے اٹلی کی چینلز ٹائم نامی جعلی کمپنی بنا رکھی تھی۔ وہ ویب سائٹ کے ذریعے لوگوں کو دھوکا دیا کرتے تھے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کا کہنا تھا ملزم ہر شہری سے صرف ڈیڑھ ڈالر وصول کرتے اور نیٹ ورک کراچی سے چلا رہے تھے۔ انہوں نے کہا اب تک 11 ہزار متاثرین کا ڈیٹا نکال لیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کا کہنا تھا ملزموں کے ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔