فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے علاقہ میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک اور دوسرا زخمی حالت میں پکڑا گیا۔ مسروقہ رقم و اسلحہ برآمد کر کے زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔
فیصل آباد کے علاقہ شیخوپورہ روڈ پر فیکٹری ملازمین سیف اللہ اور اشفاق موٹرسائیکل پر جارہے تھے کہ راستہ میں دو موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکووں نے ان کو روک کر بیس ہزار روپے نقدی چھین لی، ڈکیتی کی ہنگامی اطلاع ملنے پر بلوچنی پولیس موقع پر پہنچی تو ڈاکووں نے پولیس پارٹی پرہوائی فائرنگ کر دی اور قریبی فیکٹری میں چھپ گئے، جس پر مزید پولیس نفری طلب کر کے ڈاکووں کی تلاشی کا عمل شروع کیا گیا تو ملزمان کی جانب سے پولیس پارٹی پر دوبارہ فائرنگ کی گئی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو ہلاک اور ایک ڈاکو زخمی ہوگیا۔ ہلاک ڈاکو کی شناخت ننکانہ صاحب کے رہائشی رشید ولد بشیر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ڈاکو کی شناخت خرم سکنہ ننکانہ صاحب کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ہلاک ڈاکو کی نعش اور زخمی کو پولیس حراست میں ہسپتال منتقل کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایس پی جڑانوالہ عمران احمد ملک کے مطابق دونوں ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں۔