کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کا سٹی کورٹ موٹر سائیکل چوروں کیلئے آسان ٹارگٹ بن گیا، پولیس کی موجودگی میں موٹرسائیکل چوری معمول بن گیا، عوام کے ساتھ عدالتی عملہ بھی موٹرسائیکل سے محروم ہونے لگا۔
کراچی سٹی کورٹ کے اطراف سے عملے کی موٹر سائیکلیں چوری ہونے لگیں، سٹی کورٹ میں ججز کے علاوہ دیگر گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگی تو عملہ آئے روز اپنی موٹر سائیکلوں سے محروم ہو رہا ہے۔ کراچی بار کا موقف ہے کہ چاروں سیشن ججز کی مشاورت سے سٹی کورٹ کے اردگرد موٹرسائیکل پارکنگ بنائی گئی ہے۔
موٹرسائیکل سے محروم ہونے والے عدالتی عملے کا کہنا ہے کہ سٹی کورٹ ہو یا سی پی ایل سی پارکنگ ہمارے لئے نوگو ایریا ہیں جبکہ موٹر سائیکل چوری ہونے پر پولیس بھی تعاون نہیں کرتی۔
سٹی کورٹ کےچاروں طرف ہزاروں موٹر سائیکل پارک کئے جاتے ہیں لیکن پولیس، ٹریفک پولیس اور پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کی موجودگی میں موٹرسائیکلوں کی چوری سوالیہ نشان ہے۔