لاہور: (دنیا نیوز) بادامی باغ کے علاقے میں پولیس کے نجی ٹارچر سیل کا انکشاف ہوا ہے جہاں ایک نوجوان کو حراست میں رکھا گیا تھا لیکن اہل علاقہ نے اسے بازیاب کرا لیا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق بادامی باغ پولیس نے میٹرک کے طالب علم عمیر کو گزشتہ روز حراست میں لے کر نجی ٹارچر سیل میں منتقل کیا تھا۔ یہ نجی ٹارچر سیل ایک فیکٹری میں بنایا گیا ہے۔
اہل علاقہ کو واقعہ کی اطلاع ملی تو وہ اس کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے اور طیش میں آ کر تھانے کا گھیراؤ کر لیا۔ بعد ازاں علاقہ مکینوں نے فیکٹری سے زیر حراست نوجوان کو بازیاب کروا لیا۔
سی سی پی او بی اے ناصر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی ہے کہ اختیارات سے تجاوز کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
سی سی پی او بی اے ناصر کا کہنا ہے کہ واقعہ کی صاف اور شفاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کیلئے ایس ایس پی آپریشن مستنصر فیروز کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا گیا ہے۔ واقعہ کی مکمل رپورٹ 24 گھنٹے میں پیش کر دی جائے گی۔