لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں جرائم پیشہ افراد دندنانے لگے، کراچی، راولپنڈی اور ملتان میں شہری لٹتے رہے اور پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجود پولیس ملزموں کو نہ پکڑ سکی.
اندھیر نگری چوپٹ راج، ملک بھر میں جرائم تیزی سے بڑھنے لگے، کراچی کے علاقے بغدادی میں جرائم پیشہ افراد کا راج ہے۔ موٹرسائیکل لفٹر گروہ نے رات کے وقت کارروائی کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے ملزمان کتنی آرام سے آئے اور عمارت کے باہر پارکنگ میں کھڑی بائیک لےکر چلے گئے۔
راولپنڈی کے علاقے چکری روڑ پر بھی ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا، ڈاکوؤں نے پٹرول پمپ پر دھاوا بولا، ایک ڈاکو نے سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھینا اور اس پر تشدد بھی کیا۔ پولیس چوکی ہونے کے باوجود بھی کوئی ایکشن نہیں ہوا، ڈاکو نقدی لیکر نو دو گیارہ ہو گئے۔
ملتان میں کار اور موٹر سائیکل چور کے بعد اب سائیکل چوری کی وارداتیں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ ایم ڈی چوک پر سائیکل چور بچے کی سائیکل لے اڑے، سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہونے کے باوجود پولیس ملزمان کو نہ پکڑ سکی۔