کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں غیر معیاری آئس کریم اور جوس بنانے والی فیکٹریاں سربمہر کر دیں، بڑی مقدار میں مضر آئسکریم اور جوس ضائع کر دیا۔
کوئٹہ میں مضر صحت آئس کریم بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، جتک سٹاپ کے علاقے میں واقع دو آئسکریم فیکٹریوں پر چھاپے مارے گئے جہاں حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف صفائی کی صورتحال انتہائی ابتر پائی گئی۔
فوڈ اتھارٹی کے حکام نے آئس کریم بنانے میں استعمال کئے جانے والے غیر معیاری رنگ، دودھ اور دیگر اجزاء کے نمونے لیبارٹری میں معائنے کے لئے لیکر باقی تمام اشیاء کو ضائع کر کے دونوں فیکٹریوں کو سربمہر کر دیا۔
آئسکریم کے علاوہ غیر معیاری جوس بنانے والی ایک فیکٹری کو بھی سیل کیا گیا جس کے مالک کے پاس کسی قسم کی این او یا لائنس نہیں تھا اور نہ ہی فیکٹری فوڈ اتھارٹی کے پاس رجسڑڈ تھی۔
فوڈ سیفٹی آفیسر کا کہنا تھا کہ ان فیکڑیوں میں حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بالکل کام نہیں کیا جا رہا تھا، کوئٹہ کے مختفلف علاقوں میں درجنوں مزید ایسی فیکٹریاں اور کارخانے کام کر رہے ہیں جن میں بچوں کے کھانے پینے کی مضر صحت چیزیں بنتی ہیں۔