لودھراں: (دنیا نیوز) یہ انسانیت سوز واقعہ لودھراں میں پیش آیا۔ مقتولہ نے اپنے خاوند کو پانی نہیں پلایا جس پر طیش میں آ کر ملزم سے اسے کلہاڑی کے وار سے شدید زخمی کر دیا، متاثرہ خاتون کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق لودھراں کی تحصیل دنیا پور کے چک نمبر 370 ڈبلیو بی میں منظور حسین نامی شخص نے رات تین بجے کے قریب اپنی بیوی نسرین بی بی سے پانی مانگا جس نے پانی دینے سے انکار کر دیا جس پر ملزم طیش میں آ گیا۔
ملزم نے کلہاڑی کے وار کر کے اپنی بیوی نسرین بی بی کو شدید زخمی کر دیا، جسے تشویشناک حالت کے پیش نظر نشر ہسپتال ملتان ریفر کیا گیا جہاں وہ دو روز موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد آج دم توڑ گئی ہے۔
پولیس تھانہ جلہ آرائیں نے ملزم منظور حسین کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ہے۔