اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ایئر پورٹ سے آئس ہیروئن بیرون ملک سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی جبکہ موٹر وے پولیس نے لاوارث بوری سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔
انسداد منشیات فورس کے مطابق نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی اور مسافر فیض الرحمان کے ٹرالی بیگ میں موجود ٹین کے ڈبوں سے 924 گرام آئس ہیروئن برآمد کرلی۔ ملزم غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے ریاض جانا چاہتا تھا، مردان کے رہائشی ملزم کو مزید تفتیش کے لیے اے این ایف تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
ادھر ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق پٹرولنگ کے دوران موٹر وے پولیس افسران کو بھیرہ کے قریب سڑک کنارے ایک لاوارث بوری ملی، چیک کرنے پر بوری میں سے 41 پیکٹ منشیات برآمد ہوئی جس میں چرس اور افیون شامل ہے۔ متعلقہ تھانے کی پولیس کو اطلاع کر کے مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔