چینی باشندوں کی پکڑ دھکڑ: ایف آئی اے اور پولیس کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت

Last Updated On 14 May,2019 01:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے چینی باشندوں کی پکڑ دھکڑ اور ہراساں کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے ایف آئی اے اور پولیس کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کر دی۔

دنیا نیوز کے مطابق درخواستگزار لوئی فی نے وکیل کے ذریعے موقف اپنایا گیا کہ ایف آئی اے اور پولیس کسی قانونی جواز کے بغیر ہراساں کر رہی ہے۔ ہمارے پاسپورٹ اور موبائل قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔ موثر ویزے پر کاروبار کرنے کے لیے پاکستان آئے ہیں۔ پولیس پیسے بٹورنے کے لیے ہراساں کر رہی ہے۔

کیس کے دوران وفاقی حکومت کی طرف سے اٹارنی جنرل ساجد منور قریشی عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ساجد منور قریشی نے موقف اپنایا کہ پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کے لیے بھی قانون یکساں ہے۔ کسی چینی شہری کو ہراساں نہیں کیا گیا لہذا درخواست مسترد کی جائے۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل ساجد منور قریشی کا کہنا تھا کہ تمام کارروائی قانونی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے کی جائے گی۔ اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس سردار احمد نعیم نے درخواست نمٹا دی۔