فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں ایک شخص قتل، 9 افراد زخمی

Last Updated On 09 July,2019 04:17 pm

کامونکی: (دنیا نیوز) کرکٹ میچ کے دوران معمولی تلخ کلامی کی رنجش پر تماشائی کی فائرنگ سے 9 افراد زخمی ہو گئے دوسری جانب کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کر دی جس سے ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔

 

کامونکی کے قریب تھانہ واہنڈو کےعلاقہ گاوں تمبولی میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک میچ کے دوران متنازع وائیڈ بال پر ایک تماشائی نے انتظامیہ سے جھگڑا شروع کر دیا، ہاتھاپائی کے دوران موقع پر موجود افراد نے پولیس کو کال کرکے بلوا لیا تو انتظامیہ سمیت دونوں ٹیموں کے کھلاڑی موقع سے فرار ہو گئے۔

تماشائی شہروز نے رنجش دل میں رکھی اور مسلح ہو کر ساتھیوں کے ہمراہ ٹورنامنٹ انتظامیہ پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر دو بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو عملہ نے ہسپتال منتقل کیا۔

دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے غوث آباد میں نامعلوم افراد نے گھر میں داخل ہوکر فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق تھانہ سیٹلائٹ ٹائون کی حدود میں واقع غوث آباد غفور ٹائون میں مسلح افراد نے گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

مکان میں موجود 55 سالہ شخص اختر محمد فائرنگ سے شدید زخمی ہو گیا جس کو طبی امداد کے لئے سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی تاہم قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، پولیس کی تحقیقات جاری ہیں۔