ناقص پام آئل سپلائی کرنیکی کوشش ناکام، دو ٹرک پکڑے گئے

Last Updated On 06 July,2019 08:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) استعمال شدہ تیل اور ناقص پام آئل کھانے میں سپلائی کرنیکی کوشش ناکام بنا دی گئی، گندے تیل سے بھرے 2 ٹرک پکڑ لیے گئے۔

دنیا نیوز کے مطابق اس کارروائی کے دوران 14 ہزار 215 لیٹر پام آئل اور استعمال شدہ گندہ تیل برآمد ہوا، تیل صابن سازی کے نام پر اکٹھا کیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ آئل دو ٹرکوں کو پتوکی اور دینہ ناتھ سے لایا جا رہا تھا، ڈیری پراڈکٹس میں ڈیری فیٹس کی جگہ بھی گندہ پام آئل استعمال کیا جاتا ہے، جعلی دودھ میں چکنائی پیدا کرنے کیلئے بھی پام آئل کا استعمال کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی نشوونما کے لیے جسم کو دودھ سے حاصل کردہ فیٹس کی ضرورت ہوتی ہے، گندے تیل کی بھاری مقدار میں سپلائی پکڑنے جانے پر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، پام آئل کو ڈیری فیٹس کی جگہ استعمال کرنا دھوکہ دہی ہے، گندے آئل کا استعمال کینسر، دل سمیت متعدد موذی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عثمان کا کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق گندے تیل کا صرف بائیو ڈیزل کی تیاری میں ہو سکتا ہے۔