کالعدم لشکر جھنگوی کی گرفتار ملزمہ کا ویڈیو بیان منظر عام پر

Last Updated On 04 July,2019 06:18 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا معمہ حل ہو گیا۔ پولیس نے خاتون سمیت چار سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا۔ ٹارگٹ کلنگ میں استعمال موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی، ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔

کراچی کی سینٹرل جیل سے فرار ہونے والا فرعون اورنگی ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث نکلا۔ دہشتگردوں کے ٹولے کی خاتون رکن پولیس کی گرفت میں آئی تو سب اگل دیا، شیخ ممتاز عرف فرعون کو بھی شناخت کر لیا۔

ویڈیو بیان میں ملزمہ ناز نے بتایا کہ مجھے معلوم تھا کہ شیخ ممتاز 2017ء جون میں جیل سے فرار ہوا تھا، میرا شوہر افروز بھی تین سال سے سکھر جیل میں ہے جس سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا تھا۔ اورنگی ٹاؤن میں واردات کے بعد موٹر سائیکل ایک دکان سے گھر منتقل کی گئی۔

ملزمہ نے اعتراف کیا کہ خطرناک ٹارگٹ کلر زین العابدین میرا سگا بھائی ہے اور شیخ ممتاز اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ افغانستان سے سیدھا میرے گھر آیا تھا۔

پولیس کے مطابق شیخ ممتاز عرف فرعون جیل سے فرار ہو کر افغانستان چلا گیا تھا جس نے واپس کراچی آ کر اپنا گروپ متحرک کیا تھا۔ گروپ کے تین سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ مرکزی ملزموں کی تلاش جاری ہے۔