کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کا سب انسپکٹر شہید ہوگیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ ابتدائی طور پر ڈکیتی مزاحمت معلوم ہوتا ہے۔
کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے وزیر گوٹھ کے قریب فائرنگ سے سب انسپیکٹر غلام قادر جاں بحق ہوگیا۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق مقتول کو رات گئے گھر سے تھانے کی طرف جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔ شہید سب انسپیکٹر کے بیٹے کا کہنا ہے کہ والد کا پرس موجود نہیں، صرف موبائل ملا ہے۔
ایم ایل او عباسی شہید ہسپتال کے مطابق شہید اہلکار کو سینے میں ایک ہی گولی لگی جسے فارنزک کیلئے بھجوا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ابتدائی طور پر ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ لگتا ہے۔