لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقہ مزنگ میں نامعلوم مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ، مقامی تاجر جاں بحق جبکہ گن مین زخمی ہو گیا۔
فائرنگ کا واقعہ مزنگ چونگی کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آ کر برانڈرتھ روڈ کا تاجر 48 سالہ شیخ عرفان اور اس کا گن مین 40 سالہ رفیق خان زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں شیخ عرفان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران واقعہ ذاتی عداوت کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تاہم فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔