لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس کا رویہ تبدیل نہ ہو سکا، آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز سے وہیل چیئر پر ملنے آنے والی بوڑھی خاتون سے پولیس اہلکار نے بد تمیزی کی۔
دنیا نیوز کے مطابق تبدیلی سرکار بھی پولیس میں تبدیلی نہ لا سکی، چند روز قبل رحیم یار خان میں اے ٹی ایم سے کارڈ چرانے والے ملزم صلاح الدین کی حوالات میں موت کے بعد سے پولیس پر انگلیاں اٹھنا شروع ہو گئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے تھانے عقوبت خانے، پولیس حراست میں 5 ملزمان کی جان چلی گئی
اسی طرح آج بھی لاہور میں سی سی پی او آفس آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان سے ملنے کے لیے آنے والی بوڑھی خاتون سے پولیس اہلکار نے بد تمیزی کر ڈالی۔ بوڑھی خاتون وہیل چیئر پر بیٹھ کر آئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: رحیم یار خان: شہری کی ہلاکت کا مقدمہ پولیس اہلکاروں کیخلاف درج
سی سی پی اوآفس میں اپنی درخواستیں لیکرآنے والے سائلین کیساتھ پولیس اہلکار نے بد تمیزی کی، بوڑھی خاتون آئی جی پنجاب سے ملنا چاہتی تھی۔
دوسری طرف آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے واقعہ کا نوٹس لے لیا، جس کے بعد بوڑھی خاتون سے بدتمیزی کرنے والے اے ایس آئی آصف کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور انہیں حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ بزرگوں کا احترام ہم سب پر فرض ہے۔ شہریوں سے ناروا سلوک کرنے والے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
دوسری طرف معمر خاتون نے آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان سے کیوں ملنا چاہتی تھی؟ پولیس اہلکار کس کے کہنے پر معمر خاتون کو روک رہا تھا؟ ابتدائی تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آنے لگے۔
ذرائع کے مطابق معمر خاتون مبینہ طور پر ایک تھانے کے ایس ایچ او کے خلاف درخواست لائی تھی، معمر خاتون کے گھر پر قبضہ کسی پولیس افسر نے کر رکھا ہے، بزرگ خاتون آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان سے انصاف چاہتی تھی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بزرگ خاتون کئی روز سے یہاں آتی تھی اور بغیر ملاقات واپس چلی جاتی تھی، آئی جی آفس میں روزانہ متعدد افراد ملاقات کے لئے آتے ہیں لیکن ملاقات نہیں ہوپاتی، آئی جی روازنہ سائلین سے ملنے کے بجائے میٹنگز میں مصروف رہتے ہیں۔