لاہور: (دنیا نیوز) نئے پاکستان میں بھی پولیس کلچر نہ بدل سکا، پنجاب پولیس ساری حدیں پار کر گئی۔ لاہور میں شہری پولیس تشدد سے ہلاک ہو گیا، عامر مسیح پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی۔
پولیس کا شہریوں سے نارواسلوک معمول بن گیا، لاہور میں پولیس تشدد سے نوجوان ہلاک ہوگیا، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں عامر مسیح پر تشدد کی تصدیق، نوجوان پر تشدد کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔ پاکپتن میں پولیس افسر کا معمر شہری پرتشدد تو وہاڑی میں اہلکار خاتون کو الٹا لٹکا کر کرنٹ لگاتے رہے۔
پنجاب میں پولیس آؤٹ آف کنٹرول، کبھی ٹارچر سیلز میں شہریوں کو تشدد کا نشانہ بناتی ہے تو کہیں سرعام پر ان پر ٹوٹ پڑتی ہے۔ پولیس کا شہریوں سے نارواسلوک معمول بن گیا، کوئی روکنے والا نہیں۔
لاہور میں پولیس کے تشدد کا ایک اور واقعہ پیش آیا، عامر مسیحی نامی شخص کو 28 اگست کو چوری کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا جہاں پولیس نے اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ ہلاک ہوگیا
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی عامر مسیح پر تشدد کی تصدیق ہوگئی، ملزم کے جسم پرتشدد کے نشانات پائے گئے، پسلیاں بھی ٹوٹی ہوئی تھیں۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی، فوٹیج کے مطابق دو پولیس اہلکار عامر کو موٹر سائیکل پر طبی امداد کے لیے ہسپتال لائے،عامر کوموٹر سائیکل سے اتارا گیا تو وہ نیچے گر گیا جس کے بعد بھی اسے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا، گھسیٹا بھی گیا۔
پاک پتن میں پولیس گردی کا واقعہ سامنے آیا، جہاں ایس ایچ او اعجاز نے حضرت بابا فرید ؒ کے عرس کی تقریبات میں آئے زائرین کے ساتھ بدتمیزی کی۔معمرشخص کو دھکے دیئے اور گریبان سے پکڑ کر گھسیٹتا بھی رہا۔
پنجاب پولیس کے عقوبت خانوں میں بھی شہریوں پر تشدد اور ہلاکت معمول بن چکے ہیں، وہاڑی میں خاتون کا الٹا لٹکا کر کرنٹ لگایا جاتا رہا، اس سے پہلے رحیم یار خان میں اے ٹی ایم چور صلاح الدین بھی حوالات میں پولیس تشدد سے ہلاک ہوا، لاہور گجر پور بھی چند روز پہلے پولیس کے ٹارچر سیل میں شہری امجد حسین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جو ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ پنجاب پولیس کے اعلی حکام تشدد کے بڑھتے واقعات پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔