لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی عدالت نے مبینہ تشدد سے طالب علم کی ہلاکت میں ملوث دو اساتذہ کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ عدالت نے مقدمے کی تفتیش بھی چار روز میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ رمضان ڈھڈی کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ مبینہ طور پر تشدد کر کے طالب علم کو ہلاک کرنیوالے اساتذہ محمد کامران اور شاہد محمود چغتائی کو پیش کیا گیا۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ٹیچرز نے بچے پر تشدد کیا جس سے وہ دم توڑ گیا، عدالت سے استدعا ہے کہ قانون اور انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ذمہ دار اساتذہ کے خلاف کارروائی کی جائے۔
تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان سے تفتیش، سکول میں کلاس روم کا جائزہ لینے اور بیانات کے لیے 14 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔ عدالت نے ملزمان کو 4 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔