کراچی میں‌ پھر ٹارگٹ کلنگ، گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، خاتون زخمی

Last Updated On 22 September,2019 10:41 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ٹارگٹ کا لگتا ہے۔

کراچی میں ایک بار پھر فائرنگ کا واقعہ، گلستان جوہر میں نامعلوم ملزمان کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون زخمی ہو گئی۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ٹارگٹ کا لگتا ہے۔ ملزمان نے چلتی گاڑی پر پانچ سے چھ گولیاں چلائیں، جائے وقوعہ سے 30 بور کا ایک خول ملا ہے۔

ایس ایچ او گلستان جوہر شاہد چوہدری کے اہلخانہ نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایا کہ مقتول سلیمان اپنی بہن کو ہسپتال لیکر جارہا تھا، گاڑی میں مزید دو خواتین بھی تھیں تاہم وہ محفوظ رہیں۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ سے قبل ایک موٹر سائیکل پر ممکنہ طور پر حملہ آوروں کے ساتھی گاڑی کا انتظار کر رہے ہیں۔

سفید رنگ کی ایک گاڑی حملے سے قبل فائرنگ کا نشانہ بننے والی گاڑی کا ممکنہ طور پر راستہ روکتی ہے جس کے بعد موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی۔

تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے لگتا ہے حملہ آوروں کی تعداد زیادہ تھی۔ فائرنگ کا واقعہ مکمل منصوبہ بندی کے بعد انجام دیا گیا ہے۔