لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کے باہر منشیات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات فروخت کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ہماری نئی نسل کی رگوں میں زہر گھولنے والوں کی جگہ جیل ہے۔
عثمان بزدار نے ہدایات جاری کی ہیں کہ متعلقہ ادارے اور پولیس مل کر ایسے عناصر کی بیخ کنی کریں جبکہ انسداد منشیات فورس سے بھی مکمل کوآرڈینیشن رکھی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کے باہر منشیات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔ یہ کالا دھندہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ منشیات کا کالا دھندہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ناسور کے خاتمے کے لئے تیزی سے موثر کارروائی کی جائے گی۔ صوبے کو منشیات سے پاک کرنے کے مشن میں متعلقہ اداروں کو فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔