حیدر آباد: (دنیا نیوز) نمرتا کے رثا نے مزید قانونی کارروائی سے انکار کردیا، سندھ کے مختلف شہروں میں طالبہ کو انصاف دلانے کیلئے شہری سڑکوں پر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق نمرتا قتل یا خود کشی؟ معمہ حل نہیں ہو سکا ہے۔ بی ڈی ایس کی طالبہ کے ورثا مزید قانونی کارروائی سے گریزاں ہیں، انہوں نے ایف آئی آر درج کرانے سے انکار کردیا ہے۔
نمرتا کے بھائی، چچا اور ماموں نے لاڑکانہ میں ایس ایس پی مسعود بنگش سے ملاقات کی اور مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی آردرج کرانے سے انکار کردیا۔
ادھر نمرتا کی پراسرار ہلاکت پر ہندو برادری نے احتجاج کیا۔ میرپور خاص میں دکانیں اور کاروباری مراکز بھی بند رہے۔ چھاچھرو میں بھی شہری سڑکوں پر نکل آئے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ طالبہ کو قتل کیا گیا، بلاتفریق تحقیقات کی جائیں۔ حیدر آباد میں طلبہ نے ریلی نکالی اور سندھ حکومت سے تحفظ کا مطالبہ کیا۔