لاہور: (لاہور نیوز) لاہور کے علاقے سمن آباد میں بھائیوں نے سگی بہن کو 5 سال سے گھر میں قید رکھا۔ لاہور نیوز کے پروگرام تماشا کی ٹیم نے پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 25 سالہ روشن آرا کو ظالم بھائیوں سے رہائی دلائی۔
تماشا پروگرام کے اینکر فہد شہباز کا لاہور نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ یہ اپنی نوعیت کا ایسا سفاک واقعہ ہے جس کی کہیں اور مثال نہیں ملتی۔
ذرائع کے مطابق جس گھر میں روشن آرا کو رکھا گیا تھا، وہاں کا ماحول ایسا تھا جیسے پانچ سال سے صفائی بھی نہ ہوئی ہو۔ جس وقت پروگرام کی ٹیم گھر پر چھاپہ مارنے گئی، اس وقت بھی روشن آرا کے بھائی ان کو تشدد کا نشانہ بنا رہے تھے۔
محلے داروں کا کہنا تھا کہ روشن آرا کا بھائی عامر روزانہ رات 8 بجے گھر آتا اور کھانا دے کر دوبارہ اسے بند کر کے چلا جاتا۔ عامر کے علاوہ روشن آرا کا دوسرا بھائی بھی ہے جن کا نام مکرم بتایا گیا ہے، جس کو عامر نے گھر سے نکال دیا تھا اور یہ گھر اب اس کے ہی پاس ہے۔
گھر سے ایک طویل تسبیح بھی برآمد ہوئی ہے۔ روشن آرا کے بھائی عامر کا یہ کہنا ہے کہ ان کی بہن پر جنات کا سایہ ہے۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا یہ ہے کہ بھائیوں نے جادو ٹونے کی غرض سے بہن کو برہنہ حالت میں قید رکھا۔ تاہم ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔