”ٹافیاں“ چوری کرنے کا الزام، نارنگ منڈی کے دکانداروں کا بچوں پر وحشیانہ تشدد

Last Updated On 10 October,2019 10:30 pm

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) شیخوپورہ کے علاقہ نارنگ منڈی میں دکانداروں کا بچوں پر چوری کے شبہ پر وحشیانہ تشدد، رسیوں سے جکڑ کر سر مونڈھ دئیے، منہ کالے کرکے بازار کا چکر بھی لگوایا۔

شیخوپورہ کے علاقہ نارنگ منڈی میں ریل بازار کے بااثر دکانداروں نے چار معصوم بچوں کو دکان سے ٹافیاں اور پیسے چوری کرنے کے شبہ میں پکڑا اور ایک گھنٹے تک بھرے بازار میں ہاتھ باندھ کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔

گزرتے لوگ کانوں کو ہاتھ لگا کر توبہ کرتے رہے لیکن مارنے والوں کو رحم نہ آیا۔ جب دکانداروں کا تشدد سے بھی دل نہ بھرا تو پھر ان کے سر مونڈ ڈالے۔

بچوں کے منہ کالے کرکے بازار کا چکر لگوایا۔ بچوں کی حالت غیر ہونے پر بھرے بازار میں انھیں پھینک دیا۔ راہگیروں نے بچوں کو نجی ہسپتال پہنچایا جہاں طبی امداد دینے کے بعد بچوں کو والدین کے حوالے کر دیا گیا۔

دنیا نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد ڈی پی او نے نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دیدی ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم بھی دیدیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شیخوپورہ کے علاقے میں بچوں پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آ ر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں پر تشدد کے ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تشدد کا نشانہ بننے والے بچوں کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔