لاہور: (دنیا نیوز) تھانہ ساندہ کے علاقہ میں ڈور پھرنے سے 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ نوجوان موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ گلے پر ڈور پھر گئی۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو اور پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے نعش کو مردہ خانے جمع کروا دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے حوالے سے قانونی کارروائی جاری ہے۔ نوجوان مقامی رہائشی تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ساندہ کے علاقے میں ڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
انہون نے ہدایات جاری کی ہیں کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق نوجوان کے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔