بہاولنگر: (دنیا نیوز) بہاولنگر زمین کے لالچ میں خون سفید ہو گیا، تین بھائیوں نے حقیقی بھائی کو تشدد کا نشانہ بنایا، آنکھیں ضائع کرتے ہوئے زبان کاٹ دی، متاثر شخص ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل پولیس نے بااثر ملزمان کے خلاف تاحال مقدمہ درج نہ کیا۔
بہاولنگر تھانہ صدر کے علاقہ چک بھوکاں میں زمیں کے لالچ میں بھائیوں نے سگے بھائی پر ظلم کی انتہا کر دی، سگے بھائیوں سرفراز شعیب اور گلاب علی نے سووں کے وار کر کے اپنے بھائی کی آنکھیں ضائع کرتے ہوئے زبان بھی کاٹ دی۔
متاثرہ شخص کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، چک بھوکاں کے ذوالفقار کا اپنے بھائیوں سے زمین کا تنازعہ چل رہا تھا۔ اہلیان علاقہ نے پنچائت کے ذریعے بھائیوں میں صلح کروا دی۔
ذوالفقار کو بھائیوں نے ٹھیکہ کی رقم دینے کے لیے بلایا اور حملہ آور ہو گئے، ورثا کے مطابق ملزمان نے آنکھوں پر سوئے کے وار کیے پلاس سے زبان کھینچی، ذوالفقار کو بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنانے والے بااثر ملزمان کے خلاف تاحال کارروائی نہ ہوسکی۔