فیصل آباد: سموگ اور آلودگی کے باوجود حکام بھٹے بند کروانے میں ناکام، شہری بیماریوں میں مبتلا

Last Updated On 04 November,2019 09:57 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں سموگ اور بڑھتی ہوئی آلودگی کے پیش نظر اینٹوں کے بھٹوں کو بند کرنے کے احکامات کے باوجود حکام انہیں بند کروانے میں ناکام ہو گئے جس سے شہری سانس اور دیگر جلدی بیماریوں کا بھی شکار بننے لگے ہیں۔

صنعتی شہر فیصل آباد کے محکمہ ماحولیات نے بھٹہ مالکان کے آگے گھٹنے ٹیک لئے۔ سموگ اور بڑھتی ہوئی آلودگی کے باعث زہریلا اور مضرصحت دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کی بندش کے احاکامات تو جاری ہوئے مگر ان پر عملدرآمد نہ ہوا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں دھواں چھوڑتے بھٹے سموگ میں اضافے سمیت شہریوں کیلئے مسائل کا باعث بننے لگے ہیں۔

بھٹوں کی بندش کے احکامات پر بھٹہ مالکان کہتے ہیں کہ مہنگائی کی وجہ سے پہلے ہی کاروبار متاثر ہیں تو اب بھٹوں کی بندش کے احکامات سے انہیں مزید مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب انسپکٹر ماحولیات کہتے ہیں کہ ماحول کو آلودہ کرنے اور شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کو آڑے ہاتھوں لیا جائے گا۔ شہری کہتے ہیں کہ حکام محض کاغذی کاروائیوں تک محدود رہنے کی بجائے عملی اقدامات اُٹھاتے ہوئے انہیں صاف اور صحت افزاء ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔