سیالکوٹ: (دنیا نیوز) ضلع سیالکوٹ کے تھانہ صدر اور اگوکی کے علاقوں اکبر آباد اور شہاب پورہ میں تین خواجہ سراؤں پر تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، تشدد کے شکار خواجہ سراؤں نے کمشنر روڈ اور کچہری چوچ بلاک کر کے شدید احتجاج کیا۔
دنیا نیوز کے مطابق سیالکوٹ کے تھانہ صدر اور اگوکی کے علاقوں اکبر آباد اور شہاب پور میں تین خواجہ سراؤں پر ملزمان شانی بٹ اور اسد گجر وغیرہ نے بدترین تشدد کیا ہے، اس کے خلاف خواجہ سراؤں نے کمشنر روڈ پر شدید احتجاج کیا اور انصاف کے لیے آوازیں بلند کیں۔
تشدد کا نشانہ بننے والے خواجہ سراؤں کا کہنا ہے کہ ملزمان آئے روز جمع پونجی چھین کر تشدد کا نشانہ بناتے ہیں، ملزمان کے خلاف تھانہ اگوکی اور تھانہ صدر میں مقدمات درج نہ ہونے پر احتجاج کر رہے ہیں۔
خواجہ سراء نیہا کا کہنا تھا کہ ملزمان اس سے قبل بھی متعدد خواجہ سراؤں کو تشدد کا نشانہ بنا چکے ہیں۔