کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے شہریوں نے ایک بار پھر ڈکیتوں کو دبوچ لیا، ملیر ٹنکی آر سی ڈی گراؤنڈ کے پاس مبینہ ڈکیتی کے بعد فرار ہونے والے ملزمان مشتعل افراد کے ہتھے چڑھ گئے، غصے سے بھرے شہریوں نے ملزمان کو مار مار کر بھرکس نکال دیا۔
شہر قائد میں ڈکیتی کی وارداتیں بڑھ گئیں، پولیس شہریوں کو ریلیف نہ دلا سکی۔ ملیر ٹنکی آرسی ڈی گراؤنڈ کے پاس مبینہ طور پر ڈکیتی کر کے فرار ہونے والے ملزمان کی قسمت خراب نکلی۔ دو ڈکیتوں کو شہریوں نے دبوچ لیا اور پھر خوب ہاتھ صاف کئے، مار مار کر لہولہان کر دیا۔
مشتعل شہریوں کے مطابق چار ڈکیتوں کا گروہ گذشتہ ایک ماہ سے علاقے میں سرگرم تھا۔ آج بھی دو ڈکیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ دو دھر لئے گئے۔ علاقہ مکینوں اور ٹنکی مارکیٹ کے دکانداروں کا شکوہ ہے کہ علاقے میں ڈکیتیوں کی وارداتوں میں اضافہ ہوا لیکن سعود آباد پولیس تاحال خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام ہے۔