کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے عزیز آباد میں تیزاب گردی کا واقعہ رونما ہوا ہے جہاں بیوی نے شوہر پر تیزاب پھینک دیا۔ آٹھ ماہ سے میاں بیوی گھریلو جھگڑے کے باعث الگ رہ رہے تھے۔ پولیس نے خاتون کی تلاش شروع کر دی ہے۔
تفصیل کے مطابق تیزاب گردی سے صرف خواتین ہی نہیں، مرد بھی متاثر ہونے لگے ہیں۔ کراچی کےعلاقے عزیز آباد میں ناراض بیوی نے شوہر پر تیزاب پھینک دیا ہے۔
اہل خانہ کے مطابق فرزانہ اور فرحان کی پسند کی شادی تھی۔ آٹھ مہنے قبل جھگڑوں کے باعث علیحدگی ہو گئی تھی۔ اس سے پہلے بھی فرزانہ نے فرحان پر حملہ کیا تھا۔
فرحان کے ساتھ اس کا بیٹا عبدالرحمان بھی تیزاب سے جھلس گیا۔ عبدالرحمان نے بیان میں بتایا کہ والد گھر میں سو رہے تھے۔ ماما نے گیٹ کھلوایا اور پھر تیزاب پھینکا۔
تیزاب سے جھلس کر زخمی ہونے والے فرحان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس نے ملزمہ فرزانہ کی تلاش شروع کر دی ہے۔