مردان: (دنیا نیوز) مردان پولیس نے تباہی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرلیا جبکہ اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ڈی پی او سجاد خان نے بارودی مواد اور اسلحہ سمگلنگ کی خفیہ اطلاعات پر پولیس کی سپیشل ٹیموں کی تشکیل دیتے ہوئے ضلع بھر میں ناکہ بندی کرنے کی ہدایات جاری کیں، شیخ ملتون کے مقام پر پولیس نے موٹر کار روک کر تلاشی لی تو اس کے خفیہ خانوں سے 45 پستول برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
دریں اثناٗ تھانہ جبر پولیس نے ناکہ بندی کے دوران ایک گاڑی کے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپائے گئے 60 ڈائنامائیٹ، 600 میٹر سیفٹی فیوز اور 50 ڈیٹونیٹر برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، جس کی نشاندہی پر دیگر مقامت پر چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔