لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں گلے پر ڈور پھرنے سے ڈولفن اہلکار جان کی بازی ہار گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
پولیس نے پتنگ بازوں کو پکڑنے کے بجائے چپ سادھ لی، پتنگ کی ڈور نے ایک اور نوجوان کی زندگی کی ڈور کاٹ دی۔ نشتر کالونی کے علاقے لیل گاؤں میں رنگ روڈ کے قریب ڈولفن اہلکار گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق ہو گیا۔
ڈولفن اہلکار کی شناخت صفدر کے نام سے ہوئی، برکی کا رہائشی صفدر ٹاؤن شپ میں ڈیوٹی کر رہا تھا اور صبح ساڑھے پانچ بجے ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد گھر جا رہا تھا۔ جاں بحق ہونے والے ڈولفن اہلکار صفدر کی لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے۔
نشتر کالونی پولیس نے جاں بحق ہونے والے ڈولفن اہلکار کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔