ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے جن کا تعلق کالعدم جماعت تحریک طالبان پاکستان کھیارہ گروپ سے تھا، قبضے سے وائرلیس سیٹ، کلاشنکوف اور دستی بم سمیت بارودی مواد برآمد کر لیا گیا، لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان سی ٹی ڈی نے بگوانی گاوں میں سرچ اپریشن کے دوران مخبر کی اطلاع پر ایک مکان پر چھاپہ مارا تو مشتبہ دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی سے 2 دہشت گرد مارے گٸے۔
مقابلے میں مارے جانے والے دونوں دہشت گردوں کی شناخت وقار ظفر آباد، نوید بستی درکھان والی سے ہوئی، دونوں مرنے والے دہشتگرد گزشتہ کھتی پولیس چیک پوسٹ حملے میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ اغوا برائے تاوان اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ حساس تنصیبات پر حملے میں بھی پولیس کو مطلوب تھے۔ مرنے والوں کا تعلق کالعدم جماعت تحریک طالبان پاکستان کھیارہ گروپ سے تھا، دہشت گردوں کے قبضے سے وائرلیس سیٹ، کلاشنکوف اور دستی بم سمیت بارودی مواد برآمد ہوا جبکہ لاشیں قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔
آر پی او ڈیرہ فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) محمد امتیاز شاہ اور ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن (ر) واحد محمود کی قیادت میں علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے، پولیس جوانوں کے ہمراہ آر پی او اور ڈی پی او بذات خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
گزشتہ شب پوٹہ پولیس چوکی پر حملے کے بعد آر پی او نے دہشت۔گردوں کی سرکوبی کے لئے سی ٹی ڈی اور پولیس پر مشتمل ٹاسک ٹیم بنائی تھی۔