اسلام آباد: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) انٹیلی جنس نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈیڑھ ارب روپے کی ہیروئن برآمد کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں بڑی کارروائی کی، یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، کارروائی کے دوران ڈیڑھ ارب روپے کی اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایک ارب روپے کی ہیروئن ایک گھر کے اندر میں موجود واٹر ٹینک میں چھپائی گئی تھی۔ ہیروئن افغانستان سے بلوچستان کے علاقے گردی جنگل میں لائی گئی تھی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ منشیات پاکستان کے راستے بیرون ملک بھجوائی جانا تھی، پکڑی گئی ہیروئن کی مقدار ایک ہزار بیس کلو گرام تھی۔
اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ منشیات پکڑنے کے بعد مزید تحقیقات جاری ہیں جیسے تحقیقات مکمل ہوں گی میڈیا کے ذریعے سب کو آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملکی تاریخ کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے 98 کروڑ مالیت کی منشیات پکڑی تھی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس نے کارروائی کرتے ہوئے 98 کروڑ مالیت کی ہیروئن اور افیون پکڑ لی، کارروائی ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر کی گئی۔
اے این ایف حکام کے مطابق ہیروئن کنٹینر کے ذریعے نیدرلینڈز بھجوائی جارہی تھی، کنٹینر سے 45 کلو ہیروئن اور 35 کلو افیون برآمد ہوئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کوسٹ گارڈز نے کارروائی کرتے ہوئے 82 کلو ہیروئن برآمد کرلی۔
کوسٹ گارڈز حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی گوادر کلانچ کے پہاڑی علاقے میں کی گئی، ملزمان فرار ہوگئے، اسمگلرز منشیات کو بیرون ملک اسمگل کرنا چاہتے تھے۔
کوسٹ گارڈز حکام کے مطابق برآمد منشیات کی عالمی مارکیٹ میں قیمت 2273 ملین روپے ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جنوری میں ملتان میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کرلی تھی۔