اغوا برائے تاوان کے جرم میں عمر قید پانے والے مجرم کی سزا سات سال قید میں تبدیل

Last Updated On 23 April,2020 02:59 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے اغوا برائے تاوان کے جرم میں عمر قید کی سزا پانیوالے مجرم کی سزا سات سال قید میں تبدیل کر دی۔

سندھ ہائیکورٹ میں اغوا برائے تاوان کیس کے تین مجرمان کی سزا کے خلاف اپیل سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت پراسیکیوشن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے شہری کے اغوا کا جرم ثابت ہونے پر تینوں مجرمان کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، مجرمان نے 2008 میں گلشن اقبال سے شہری کو اغوا کیا تھا اور شہری کے اہلخانہ سے لاکھوں روپے کا تاوان مانگا تھا۔

مجرمان کے خلاف مقدمہ تھانہ گلشن اقبال میں درج ہے، عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں جزوی ترمیم کر دی ہے، مجرم ہیڈ کانسٹیبل منظور عبد الستار اور سید طیب کی عمر قید کی سزا کوسات سال میں تبدیل کر دیا ہے۔